Thursday 1 December 2011

شیری رحمن … امریکہ میں نئی پاکستانی سفیر

میمو گیٹ اسکینڈل میں نام آنے کے بعدامریکہ میں پاکستانی سفیر حسین حقانی مستعفی ہو گئے جس کے بعد وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی نے محترمہ شیری رحمن کو امریکہ میں پاکستان کا نیا سفیر مقرر کیا ہے۔ شیری رحمن پیپلز پارٹی کی سیکرٹری اطلاعات رہ چکی ہیں وہ بنیادی طور پر صحافی ہیں اور صحافت کے شعبہ میں انہوں نے 20 سال تک خدمات انجام دیں وہ ان دنوں جناح انسٹیٹیوٹ کے نام سے ایک تھنک ٹینک چلا رہی ہیں اور انجمن ہلال احمر پاکستان کی سربراہ ہیں ایک میگزین کے ایڈیٹر کے طور پر وہ سی پی این ای کی رکن بھی رہ چکی ہیں۔ شیری رحمن موجودہ حکومت کی پہلی وزیر اطلاعات تھیں تاہم ایک سال بعد وہ اپنی وزارت میں مداخلت اور میڈیا کے خلاف سرکاری کریک ڈاوٴن کے خلاف احتجاجاً مستعفی ہو گئی تھیں۔ قومی اسمبلی کی سرگرم رکن کے طور پر وہ خواتین کو بااختیار بنانے، غیرت کے نام پر قتل کے خاتمے، گھریلو تشدد کے خاتمے اور حدود کی تنسیخ کے بل پیش کر چکی ہیں، وہ امریکہ میں پاکستان کی 25 ویں سفیر ہیں لیکن تیسری خاتون سفیر ہیں۔ شیری رحمن ان پانچ پاکستانی میڈیا شخصیات ، ڈاکٹر ملیحہ لودھی، حسین حقانی، واجد شمس الحسن، عطاء الحق قاسمی کے ساتھ شامل ہو گئی ہیں جو بیرون ملک سفارتکاری جیسے اعلیٰ عہدوں پر تعینات رہے ہیں۔
جن حالات میں شیری رحمن کو یہ ذمہ داری سونپی گئی ہیں ان سے عہدہ برآہونا شیری رحمن کے لئے ایکچیلنج سے کم نہیں۔ افغانستان کے حالات، امریکی فوجوں کی واپسی کا شیڈول، دہشت گردی کے خلاف جنگ، پاک امریکہ تعلقات میں موجودہ تناؤ، اور پاکستان کے پڑوسی ممالک کے امریکہ سے تعلقات بھی شیری رحمن کے لئے بطور سفیر باعث آزمائش رہیں گے۔
ہم امید کر سکتے ہیں کہ شیری رحمن نہ صرف پاکستان کی بھرپور نمائندگی کریں گی بلکہ وہ امریکہ میں بسنے والے پاکستانیوں کے مسائل کے حل کیلئے بھی بھرپور کرداراداکریں گی جیسا کہ وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ شیری رحمن نے خود کو باصلاحیت اور داناسیاسی رہنما ثابت کیا ہے اور ان کو اپنی ذمہ داریوں کا بخوبی علم ہے اور وہ اسے بہتر طریقے سے سر انجام دینا جانتی ہیں۔ امید ہے کہ وہ پاک امریکا تعلقات کو مزید فروغ دینے اور مستحکم بنانے پر توجہ مرکوز کریں گی اور بالخصوص دو طرفہ تجارتی اور اسٹرٹیجک تعلقات کو وسعت دینے کیلئے کام کریں گی۔
شیری رحمن بھی حسین حقانی کی طرح صدر آصف زرداری کی با اعتماد ساتھی اور پیپلز پارٹی کی کارکن ہیں۔۔۔۔۔۔
کیا شیری رحمن پاک امریکہ تعلقات کے حوالے سے ملک کیلئے ایک اچھی سفیر ثابت ہوں گی؟
کیا ان کا تقرر تمام متعلقہ حلقوں کے لئے غیر متنازعہ ثابت ہو گا؟
کیا ان کی بطور خاتون سفیرتعیناتی سے بیرونی دنیا میں پاکستان کا بگڑا تاثر بہترہو سکتاہے؟
کیا وہ امریکہ میں بسنے والے پاکستانیوں کے مسائل کے حل کیلئے کوئی بھرپور کرداراداکریں گی؟
آپ بھی اپنی آراء سے آگاہ کریں۔

0 comments:

Post a Comment

Share

Twitter Delicious Facebook Digg Stumbleupon Favorites More