Thursday 1 December 2011

شاہد آفریدی آئے اور چھا گئے

پاکستان نے سری لنکا کو ٹیسٹ سیریز کے بعد ون ڈے سیریز میں بھی شکست دے دی۔ پاکستانی ٹیم نے بھرپور ٹیم اسپرٹ کا مظاہرہ کیا لیکن ٹیم میں واپس آنے والے شاہد خان آفریدی نے میلہ لوٹ لیا اور مین آف دی سیریز قرار پائے۔ اپنی بیٹنگ اور جادوئی باؤلنگ سے سری لنکن ٹیم کو پوری سیریز میں دباؤ میں رکھا۔ فتوحات میں سب کھلاڑیوں نے اپنا حصہ ڈالا لیکن بوم بوم آفریدی ون مین آرمی کی طرح ہر فتح میں نمایاں رہے جنہوں نے کہا کہ ریٹائرمنٹ واپس لینے کے بعد مجھ پر اپنا انتخاب درست ثابت کرنے کے لیے بہت دباوٴتھا،سیریزکے آغاز سے ہی میں خودکومنوانا چاہتا تھا۔ اپنے خلاف ہونے والی باتوں کواپنی پرفارمنس سے غلط ثابت کرنا چاہتا تھا، شکرہے اس میں کامیاب رہا۔اس سیریز میں انہوں نے ایک منفرد ریکارڈ بھی اپنے نام کیا۔ کسی بھی میچ میں 50 سے زائد رنز اور 5 وکٹیں لینے کا کارنامہ شاہد آفریدی نے اپنے کیریئر میں دوسری بار سرانجام دیا کوئی اور کھلاڑی فی الحال ایسا نہیں کر سکا۔ شاہد آفریدی ٹیم میں آئے اور چھا گئے لیکن اس کارکردگی کے اس تسلسل کو برقرار رکھنے کے لئے انہیں ایک صائب مشور ہ ضرور دیں گے کہ وہ اب غیر ضروری بیان بازی سے گریز رکھیں اور صرف اپنی کرکٹ پر دھیان دیں۔

پہلے زمبابوے اور اب سری لنکا کے خلاف کامیابیوں سے ٹیم فتوحات کے راستے پر گامزن ہو چکی ہے، سینئیر اور جونیئر کھلاڑیوں کا کامبینیشن کامیابی سے کام کر رہا ہے۔ اب ضرورت اس بات کی ہے کہ اس سلسلے کو جاری رکھنے کے لئے ٹیم ڈسپلن اور ٹریننگ کیمپس پر توجہ مرکوز رکھی جائے اور غیر ضروری تنازعات اور بیان بازی سے کھلاڑیوں کو دور رکھا جائے۔ سری لنکا سے سیریز جیتنے کے باوجود یہ بات یاد رکھی جائے کہ ایک میچ میں بیٹنگ لائن کم اسکور پر بکھر چکی تھی جسے آفریدی نے سنبھالا تھا۔ امیدہیکہ سری لنکا کے خلاف سیریز میں کامیابی سے پاکستان کرکٹ پر لگے اسپاٹ فکسنگ کے دھبے کو صاف کرنے میں مدد ملے گی۔ پاکستانی کھلاڑی ساکھ کی بحالی کیلئے سخت جدوجہد کر رہے ہیں۔ اسپاٹ فکسنگ اسیکنڈل نے پاکستانی کرکٹ کو تباہ کردیا۔کھلاڑی مسلسل فتوحات سے الزامات کا موثر جواب دے سکتے ہیں اور دوسری طرف کرکٹ بورڈ کا بھی فرض ہے کہ وہ آئی سی سی پر بھرپور دباؤ ڈالے تاکہ غیر ملکی ٹیموں کی پاکستان آمد کا سلسلہ دوبارہ شروع ہو اور پاکستان اپنی ڈومیسٹک کرکٹ اپنے میدانوں میں کھیلے۔

0 comments:

Post a Comment

Share

Twitter Delicious Facebook Digg Stumbleupon Favorites More